ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے جی20 کی قیادت کرتے ہوئے کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی اداروں کو 50 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی طرف سے عالمی اداروں کو کرونا کی روک تھام کے لیے امداد کا اعلان عالمی ادارہ صحت کی طرف سے کی گئی اپیل کا جواب ہے۔ سعودی عرب عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے کما
حقہ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ اس حوالے سے سعودی عرب عالمی اداروں کو مالی مدد فراہم کرے گا تاکہ آئندہ کے لیے کرونا کی وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔گذشتہ ماہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جی20 اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کرونا کی روک تھام کے لیے عالمی اداروں کوبھرپور طریقے سے مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔سعودی عرب کی طرف سے دی جانے والی امداد میں 15 کروڑ کی رقم سے کرونا کی وباء کی روک تھام کے لیے جدید آلات کی تیاری، 15 کروڑ ڈالر کی مدد سے ویکسین کی تیاری اور 20 کرڑ ڈالر کرونا کے متاثرین کی بحالی اور علاقائی اور عالمی تنظیموں کی بہبود پر صرف کی جائے گی۔اس کے علاوہ سعودی عرب نے عالمی معاشی طاقتوں سے کرونا کے نتیجے میں متاثر ہونے والے ممالک کی بحالی کے لیے 8 ارب ڈالر کی رقم مختص کرنے کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس رقم سے کرونا کے نتیجیمیں ہونے والے معاشی نقصان کو پوراکرنے کی کوشش کی جائے گی۔