پیرس(این این آئی )فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے دنیا بھر میں پھیلنے والے کرونا وائرس کے حوالے سے مرتب کردہ تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں پھوٹنے والے اس وائرس کے نتیجے میں اب تک 95 ہزار 706 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ کرونا وائرس تیزی کیساتھ دنیا کے دوسرے خطے میں پھیل رہا ہے اور اس نے امریکا جیسی بڑی بڑی طاقتوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز یورپی ممالک میں مزید سیکڑوں افراد کرونا کے نتیجے میں ہلاک ہوئے جس کے بعد یورپی ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد 62 ہزار 402 ہوگئی ہے۔ 23 ہزار 906 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ یورپ میں متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 87 ہزار 744 بتائی جاتی ہے۔ امریکا میں اب تک 15 ہزار 273 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکا میں 4 لاکھ 51 ہزار 315 مریض ہیں۔ کینیڈا میں ہلاکتیں 4504 ہوچکی ہیں جب کہ متاثرین تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 227 بتائی جاتی ہے۔ ایشیا میں 4353 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ مشرق وسطی میں 88295 متاثرین ہیں۔ لاطینی امریکا میں 1814 ہلاکتیں اور 45523 بیمار ہیں۔اٹلی میں کرونا سے مزید 542 نئی اموات کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 17،669 ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز اٹلی میں کرونا کے 3،836 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 422 ہوگئی ہے۔ بیلجیئم میں 283 نئی اموات ریکارڈ کی گئیں جس سے مجموعی طور پر 2523 اموات ہوئیں۔جبکہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 16لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔