واشنگٹن(آن لائن) ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکی ریاست نیویارک کے بعد کورونا کا دوسرا نشانہ واشنگٹن ہوسکتا ہے۔واشنگٹن میں موسم گرما کی آمد پر مقامی آبادی مشکل سے خود کو باہر نکلنے سے روک پا رہی ہے۔ واشنگٹن میں سماجی فاصلے کے اصولوں پر عمل نہیں ہو رہا۔
ماہرین نے کہا کہ ان حالات میں واشنگٹن کورونا کی بد ترین زد میں آنے والا دوسرا شہر بن سکتا ہے۔واشنگٹن ڈی سی کے میئر میریل باوزر نے کہا کہ مئی یا جون میں یہاں کورونا وائرس اپنے عروج پر ہو گا اور سال کے آخر تک 7 میں سے ایک شہری اس مرض کے چنگل میں پھنس چکا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اگر سماجی فاصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو ہلاکتیں اور بھی بڑھ سکتی ہیں جبکہ گھر سے باہر نکلنے والوں کو 90 دن کی قید یا 5 ہزار ڈالرتک کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ امریکہ اس وقت کورونا سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے۔ امریکہ میں اب تک 14 ہزار 797 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 30 ہزار سے بڑھ چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 89 ہزار سے زیادہ ہے۔