کویت سٹی (این این آئی)کویت میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 43 ہو گئی ہے۔ تمام متاثرہ افراد ایران سے آئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان عبداللہ السند نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں اس مرض کے پھیلاؤ پر روک لگانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مختلف پروگراموں کو فعال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ترجمان کے مطابق وزارت نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ہدایت کردہ طبی قید کا اصول لاگو کر دیا۔پریس کانفرنس میں وزارت صحت کی ایک خاتون ذمہ دار نے بتایا کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہے میں مجموعی طور پر 1675 افراد کا معائنہ اور ٹیسٹ کیا گیا جس کے بعد 43 افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ تمام متاثرہ افراد کو علاج کے خصوصی مراکز میں تنہا طور پر رکھا گیا ہے۔خاتون ذمے دار نے باور کرایا کہ تمام متاثرہ افراد کی حالت مستحکم ہے اور وہ سب رْو بہ صحت ہیں۔ذمے دار کے مطابق وزارت صحت نے وائرس سے متاثرہ علاقوں سے آنے والے تمام افراد پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔ خاتون ذمے دار نے تصدیق کی ہے کہ تمام متاثرہ افراد ایران سے آئے ہیں۔یاد رہے کہ کویت کی وزارت صحت نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔کویتی حکومت کے رابطہ مرکز نے ٹویٹر پر اعلان کیا ہے کہ کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد ملک میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں یکم مارچ 2020 سے دو ہفتے کی تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اداروں کے تمام طلبہ اور تدریسی عملے پر لاگو ہو گا۔