تہران( آن لائن ) ایران اینٹی آرمر میزائل تیار کرنے والے دنیا کے پانچ بڑے ممالک میں شامل ہوگیا جبکہ کروز میزائل اور دیگر دفاعی آلات تیار کرنے کی وسیع صلاحیت سے بھی بھرپور استفادہ حاصل کررہا ہے ۔ یہ بات ایران کے نائب وزیر دفاع بریگیڈئر جنرل قاسم تقی زیدی نے تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بیک وقت ہم نے کئی طرح کے
سیٹلائٹ کروز میزائل اور دیگر فوجی سازوسامان کی تیاری کے سلسلے میں انتہائی اعلیٰ صلاحیت حاصل کرلی ہے اس سلسلے میں دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ 1979 سے قبل ایران کی دفاعی صنعت مکمل طور پر دیگر ممالک پر انحصار کرتی تھی لیکن اس کے بعد ایرا ن میں بڑی حد تک تبدیلی اور انقلاب آیا ہے اور اب اس کا شمار دنیا کے ان پانچ ممالک میں ہورہا ہے جو اینٹی آرمز میزائل تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ایران کے نائب وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ایران اب ملکی سطح پر میزائل تیار کررہا ہے جس میں سمارٹ ایئر ڈیفنس سسٹم اور دیگر دفاعی سسٹم شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ایران نے ملکی ساختہ با ور 373 میزائل دفاعی سسٹم تیار کیا ہے جس کی حد 120 کلو میٹر اور 27کلو میٹر بلندی تک اپنے ہدف کو آسانی سے نشانہ بنا سکتا ہے جو اسلامی انقلاب کے بعد ایران کی اہم دفاعی کامیابی ہے اس کے علاوہ 2019 میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم بھی تیار کئے گئے ہیں ۔