نئی دہلی (این این آئی )بھارت نے کہا ہے کہ وہ قرضوں کے بھاری بوجھ تلے دبی قومی ایئر لائن ایئر انڈیا میں اپنا تمام تر حصہ فروخت کر دے گا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق اس کا مقصد اس ایئر لائن کی نجکاری ہے تاکہ اسے نقصان سے نکالا جا سکے۔ اس حوالے سے ایک دستاویز جاری کی گئی جس میں اس ایئر لائن کو
خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کو 17 مارچ تک رابطہ کرنے کا کہا گیا ۔ اس دستاویز کے مطابق خریدار کو ایئر انڈیا پر چڑھے آٹھ بلین ڈالرز کے برابر قرض کا بوجھ بھی اٹھانا ہو گا۔ ملکی معیشت میں بہتری کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت متعدد حکومتی اداروں کی فروخت کا ارادہ رکھتی ہے۔