عمان(این این آئی)شمالی اردن کے علاقے جرش میں ایک شخص نے مقامی اور غیر ملکی سیاحوں پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 8 افراد زخمی ہو گئے۔چاقو حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں تین سیاحوں کا تعلق میکسیکو جبکہ ایک کا سوئٹزرلینڈ سے ہے جب کہ چار مقامی شہری ہیں۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ڈائریکٹوریٹ
آف پبلک سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل عامر السرطاوی نے بتایاکہ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرکے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے۔ترجمان کے مطابق جنرل سیکیورٹی نے ابتدائی طور پر پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں زخمیوں کی تعداد 8 بتائی گئی ہے۔ حملہ آور کو گرفتار کرنے کی کارروائی کے دوران ایک نان کمیشنڈ آفیسر زخمی ہوا ہے۔جیرش میں چاقو بردار کے حملے میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے عرب ٹی وی کوبتایا کہ حملہ آور نے راہ چلتے ہوئے اسے گھر میں استعمال ہونے الی تیز دھار چھری سے اسے نشانہ بنایا۔ جرش کے سرکاری اسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ دو زخمیوں کی حا لت تشویشناک ہے۔اردن کے میڈیا نے بتایا کہ پرانے جرش شہرمیں تین سیاحوں اور ایک ٹور گائیڈ اور ایک سکیورٹی اہلکار نے ملزم کو روکنے کی کوشش کی۔قبل ازیں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ چاقو کے حملے میں ہسپانوی سیاح بھی زخمی ہوئے ہیں تاہم بعد ازاں اسپینی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ اردن میں موجود اس کے تمام شہری محفوظ ہیں۔