پشاور(این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کی اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان سے ٹیلی فونک رابطہ،آزادی مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کے دوران کہا کہ حکومت مذاکرات کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کررہی ہے،جمیعت علمائے اسلام نے حکومت سے مذاکرات کیلئے نہ کوئی کمیٹی تشکیل دی ہے اور نہ ہی کوئی مذاکرات ہورہے ہیں،جس کے جواب میں صوبائی صدر ایمل ولی خان نے قائد جمعیت کو اس عزم کا اعادہ کیا کہ اے این پی اپنے قائد اسفندیار ولی خان کے
حکم کے مطابق آزادی مارچ میں شرکت کریگی،اے این پی کو اس سے کوئی سروکار نہیں کہ کون مذاکرات کررہا ہے یا مذاکرات کے حوالے سے کوئی جو بھی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، بلکہ اے این پی کی تمام صوبائی تنظیموں کا اس وقت فوکس آزادی مارچ ہے جس کیلئے اے این پی اپنی تیاریوں کو آخری شکل دے رہی ہے۔جس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے اے این پی کے صوبائی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ کے حوالے سے کسی بھی پیش رفت سے انہیں آگاہ کیا جائیگا اور مذاکرات کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ رہبر کمیٹی کرے گی۔