کراچی (آن لائن) سابق امریکی سفارتکار کیمرون منٹر کا کہنا ہے کہ ہمسایے بدل نہیں سکتے، پاکستان کو اسمارٹ ڈپلومیسی کرنی ہو گی۔ پاکستانیوں کے لیے بھارت سے محبت کرنا بہت مشکل ہے لیکن کوشش کریں، ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران کی کیمسٹری اچھی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر سے امریکہ میں اچھی ساکھ بنائی، یہ پہلا قدم ہے، امید ہے اس سے مستقبل میں تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ کیمرون منٹر نے ان خیالات کا اظہار کراچی کونسل آن فارن ریلیشنزکے تحت کراچی کے مقامی ہوٹل میں
اپنے اعزازمیں منعقدہ بریک فاسٹ ڈائیلاگ کے دوران خطاب اوربعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کونسل کے جنرل سیکریٹری کموڈور ریٹائرڈ سدید اے ملک نے تقریب کی نظامت کی۔ کیمرون منٹر ایسٹ ویسٹ انسٹی ٹیوٹ کے سابق صدر اور پاکستان میں بطور سفیرتعینات رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ اپنے مسائل کو مذاکرات کے ساتھ حل کرنا چاہیے۔ سابق امریکی سفارتکار نے کہا کہ بھارت میں بھی اندرونی مسائل ہیں۔ پاکستان کو بھی ٹیکس کی نمو، ڈومیسٹک مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ کیمرون منٹر نیکہا کہ مسئلہ کشمیر بھی اہم ہے لیکن اس کے ساتھ پاکستان کو اپنا ڈومیسٹک ایجنڈا بھی بنانا چاہیے۔ کشمیر کے مسئلے پردنیا نے ہندوستان کی مذمت کی ہے۔ کیمرون منٹر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بالکل منقطع نہیں ہونے چاہیئں، پاکستان کو سمجھنا ہو گا کہ یہ طویل تعلقات ہیں، اس مشکل وقت میں بھی آگے جانا چاہیے۔ سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا۔کہ یہ بات صحیح ہے کہ اس وقت پاکستانیوں کے لیے بھارت سے محبت کرنا بہت مشکل ہے لیکن کوشش کریں، امید ہے کہ مسئلہ ایٹمی جنگ تک نہیں جائے گا، ہم ایٹمی جنگ سنبھال نہیں سکتے۔ کیمرون منٹر کا کہنا تھا کہ کشمیر کے ساتھ پاکستان کو ٹیکس ریفارم، تعلیم، انصاف جیسے مقامی مسائل کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بھی ایسا ہی ہے جیسے امریکہ اور میکسیکو کا ہے، میکسیکو کئی مرتبہ امریکہ کے لیے مسئلہ بنا رہا
لیکن ہمیں میکسیکو کے لوگوں کے مسائل سننے پڑے۔ ایک سوال کے جواب میں کیمرون منٹر نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بھارت کے ساتھ بہت سے ممالک کے کاروباری مفادات ہیں، جیسے پاکستان کے چین کے ساتھ ہیں، پاکستان کو بہت احتیاط کرنی ہو گی، کسی ایک کی طرف زیادہ جھکاؤ نہیں رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کودیانتداری سے سوچنا چاہیے کہ چین اسے کیا دے رہا ہے، اس کے ساتھ ثقافتی تعلقات کیسے ہوں گے، امریکی اور پاکستانیوں کے درمیان ثقافتی تعلقات بہت اچھے رہے ہیں۔
کیمرون منٹر نے کہا کہ چین میں تقریبا دس لاکھ مسلمانوں کے ساتھ مسائل ہیں لیکن پاکستان اس پر بات نہیں کرنا چاہتا، چین پاکستان کا دوست ہے،وزیراعظم عمران خان اس پر بات نہیں کرنا چاہیں گے۔ اسی طرح امریکہ بھی پاکستان کا دوست ہے،کچھ غیر مقبول فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ کیمرون منٹر نے کہا کہ وہ پاکستانی دوستوں سے کہیں گے کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کا یہ ایک اور اچھا موقع ہے، امریکہ پاکستان میں ترقی اور جمہوریت کا فروغ چاہتا ہے،
ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے لیے نہیں امریکی مفاد کے لیے بات کرتے ہیں تاہم انسانی و خواتین کے حقوق، ماحولیاتی مسائل بھی بہت اہم ہیں۔ کیمرون منٹر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر سے امریکہ میں اچھی ساکھ بنائی، یہ پہلا قدم ہے، امید ہے اس سے مستقبل میں تعلقات مزید بہتر ہوں گے، ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران کی کیمسٹری اچھی ہے جو رہنماؤں کے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے چیئرمین اکرام سہگل نے کہا کہ کیمرون منٹر پاکستان کا دوست ہے اور ان جیسے لوگ ہماری بات کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ اکرام سہگل نے کہا کہ عمران خان نے اپنی زبردست جذباتی اور حقائق پر مبنی تقریر سے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ کیمرون منٹر نے بھی عمران خان کی تقریر کی تعریف کی ہے جو پاکستان کے لیے خوش آئند ہے۔