کویت سٹی (این این آئی) خلیجی ریاست کویت میں جہاں اس وقت کئی اہم مسائل موجود ہیں وہاں سوشل میڈیا پر ایک ایسے موضوع پر گرما گرم بحث جاری ہے جو بہ ظاہرانتہائی معمولی سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر صارفین نے اس موضوع کا خوب مذاق اڑایا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کویت میں سوشل میڈیا کا تازہ اور گرما گرم موضوع پاجامہ ہے۔ کویتی مجلس امہ یعنی پارلیمنٹ میں ایک نئے آئینی بل کی تجویز پیش کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پبلک مقامات پر پاجامہ زیب تن کرنا اخلاقی اقدار کے منافی ہے۔ اگر کوئی شخص نائیٹ ڈریس(رات کو سونے کے لیے) استعمال کرنے والا لباس پبلک مقامات پرپہنتا ہے تو اسے ایک ہزار دینار جرمانہ کیا جانا چاہیے۔ یہ تجویز تضحیک اور طنز کا نشانہ بننے کے ساتھ ‘جرمانہ، پاجامہ، ایک ہزار دینار ہیش ٹیگ صف اول میں ٹرینڈ کرتا رہا ہے۔کویت کے ایک قانون ساز کی طرف سے یہ پارلیمنٹ میں تجویز پیش کی گئی کہ عوامی مزاج، رویوں اور قومی اقدار کے تحفظ کے لیے پبلک مقامات پر پاجامہ پہننے پر پابندی لگائی جائے اور اس کی خلاف ورزی کرنیوالے کو ایک ہزار کویتی دینار یعنی 3300 امریکی ڈالر کے مساوی رقم کا جرمانہ کیا جائے۔ یہ تجویز سامنے آنے کیے بعد سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔کویت کے مقامی اخبارکے مطابق رکن پارلیمنٹ ماجد المطیری نے اپنی تجویز میں عوامی مقامات پر 11 طرز عمل کے منفی رویوں کی نشاندہی کی جب کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا کی سفارش کی گئی۔