لاہور(نیوزڈیسک)سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ جمہوریت پر عوام کا اعتماد اسی صورت پختہ ہوگا جبکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائےگا ، توانائی بحران مسائل کی جڑ ہے اور میرے ذاتی خیال میں حکومت کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس شعبے میں ایمر جنسی کا نفاذ کرنا چاہیے تھا۔ ایک انٹر ویو میں سینئر اداکار نے کہا کہ بجٹ ایک مشکل سبجیکٹ ہے ، آپ عوام سے اس بارے پوچھ لیں 98فیصد لوگ اس کے اعدادوشمار بارے کچھ نہیں بتا پائیں گے اور حکومت بھی اس سے بخوبی واقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کو عزت کے ساتھ دو وقت کی روٹی چاہیے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اس ذمہ داری کو پورا کرے ۔ انہوںنے کہا کہ میں اپنی بات کو دہراہوں گا کہ اگر حکومت توانائی بحران کا مسئلہ حل کر لیتی ہے تو 80فیصد سے زائد مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے ۔