اسلام آباد(آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو اقتصادی و سماجی کونسل کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ 54 رکنی کونسل نے اس عہدہ کیلئے ان کی تائید کی۔ اکنامک اینڈ سوشل کونسل عالمی ادارہ کا ایک اہم معاشی شعبہ ہے۔ اس سلسلہ میں انتخاب میں دیگر نائب صدور میں انہیں بھی منتخب کیا گیا جو اب کونسل کے بیورو کی ایشیابحرالکاہل کیلئے نشست سنبھالیں گی۔ناروے کی سفیر مونا جول کو اقتصادی و سماجی کونسل کا صدر منتخب کیا گیا۔ دیگر نائب صدور میں
مشرقی یورپی خطہ سے آرمینیاء کی مہر مارگریان اور لاطینی امریکہ سے میکسیکو کی جوآن سانڈوال شامل ہیں جبکہ افریقی خطہ سے چوتھی نائب صدر کا انتخاب بعد میں ہوگا۔ سفیر ملیحہ لودھی نے کونسل کا نائب صدر منتخب ہونے کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم ادارہ کیلئے ان کا انتخاب پاکستان اور اس کے سفارتکاروں کی صلاحیت پر عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ میں اقتصادی اور سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔