رباط (نیوزڈیسک)مراکش کی میڈیا کے مطابق رباط میں امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز کے ہونے والے کنسرٹ کے بعد ملک کے وزیر برائے مواصلات کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موازین فیسٹیول میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس غیر مہذب تھی۔وزیر برائے مواصلات مصطفیٰ خلفی نے یہ پرفارمنس ٹی وی پر لائیو دکھائے جانے کی اجازت دی تھی جس کے باعث ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق مصطفیٰ نے مستعفی ہونے کے مطالبے رد کردیے ہیں۔جینیفر لوپیز نے ایک لاکھ 60 ہزار افراد کے مجمعے کے سامنے پرفارمنس دی تھی۔یہ فیسٹیول معمولی تاخیر کے ساتھ 2ایم پبلک ٹی وی نیٹ ورک پر دکھایاگیا تھا۔تاہم مقامی میڈیا نے جینیفر لوپیز کو ان کی حرکات اور لباس کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔کئی رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ اجلاس طلب کیا جائے جس میں اس بات پر بحث کی جائے کہ کیا یہ فیسٹیول ٹی وی پر دکھایا جانا چاہیے تھا؟