لندن(این این آئی )قطر کے وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا ہے کہ 40 سال سے ایران پرعاید معاشی پابندیوں کے باعث ایرانی معیشت سخت ترین دبائو کا شکار ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق لندن میں صحافیوں سے بات چیت میں قطری وزیرخارجہ نے کہا کہ قطری کشیدگی میں کمی لانے کے لیے امریکا اور ایران دونوں کیساتھ بات چیت کررہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ دونوں ملک بات چیت کے ذریعے تنازعات کا حل نکالیں اور کوئی درمیانہ راستہ اختیار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ قطر نے امریکا اور ایران کیدرمیان اختلافات کم کرنے کی موثر
کوششیں کی ہیں اور یہ کوششیں مزید بھی جاری رکھی جائیں گی۔قطری وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کو ہمیشہ کیلیے جاری نہیں رکھا جا سکتا۔ دونوں ملکوں کو کشیدگی کی آخری حدوں میں داخل ہونے کے بجائے باہرنکلنے کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔گذشتہ بدھ کوامیرقطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ایرانی صدرحسن روحانی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔اس موقع پر امیر قطر نے خلیجی ملکوں کی پالیسی کو ہدف تنقید بنایا۔الشیخ تمیم بن حمد بن آل ثانی نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔