الریاض(این این آئی)سعودی عرب 20 بڑی معاشی طاقتوں کے نمائندہ گروپ جی 20 کے 21 اور 22 نومبر 2020ء کو ہونے والے پندرہویں سالانہ سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔سعودی عرب نے جی 20 سربراہ اجلاس کی میزبان ملنے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ
یہ اجلاس سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان عبدالعزیز آل سعود کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔ اجلاس میں بین الاقوامی سطح کے معاشی مسائل پر بحث کی جائے گی۔خیال رہے کہ جی 20 گروپ میں دنیا کی دو تہائی آبادی،85 فی صد عالمی معیشت اور 75 فی صد عالمی تجارت کرنے والے ممالک شامل ہیں۔جی 20 کے 2020ء میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب کی طرف سے گروپ کے ارکان کے سامنے اہداف کے حصول، اجلاس کے ایجنڈے میں شامل اقتصادی تجاویز پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے اور عالمی اقتصادی استحکام و ترقی پر مثبت تجاویز پیش کی جائیں گی۔اجلاس میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے خطوں کو درپیش معاشی مسائل بھی زیر بحث لائے جائیں گے۔اس اجلاس میں سعودی عرب کی دعوت پر بین الاقوامی،علاقائی تنظیموں کی شرکت اور بڑے معاشی گروپوں کی شرکت بھی یقینی بنائی جائے گی۔