اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کی حکومت جس نے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا دعویٰ کیا تھا انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کی پہلی ہی سفارش رد کردی۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے حج پر سبسڈی کو جائز قرار دیکر وفاقی حکومت سے حاجیوں کو سبسڈی دینے کی سفارش کی ،کابینہ نے یہ کہہ کر مسترد کیا کہ حج صاحب استطاعت افراد پر فرض ہے،حکومت کا یہ پیسہ عوام کی فلاح پر خرچ ہونا چاہئے۔روزنامہ ایکسپریس کے مطابق کونسل نے قرار دیا تھا کہ مذہبی تہوار پر زائرین کو
سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت سبسڈی دے سکتی ہے۔ کونسل ارکان کی یہ رائے تھی کہ حکومتی سبسڈی زکوۃٰیا خیرات نہیں ہے، زکوۃٰ کی طرح حج کا کوئی خاص نصاب مقررنہیں ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر مذہبی امور نے کابینہ اجلاس میں یہ تجویز رکھی کہ فی حاجی کھانے کا خرچہ 45 ہزار روپے ہے،حکومت کونسل کی سفارش پر کھانا سبسڈائز کر دے لیکن کابینہ کے اکثریتی ارکان نے سبسڈی کی مخالفت کی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو اپنے اس فیصلے پر شدید تنقید کا سامنا ہے ۔