خرطوم(این این آئی)سوڈان میں حکومت مخالف مظاہروں کو منظم کرنیو الے گروپ نے مزید احتجاجی ریلیوں اور دارالحکومت خرطوم کے جڑواں شہر اْم درمان میں پارلیمان کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کردیا ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوڈان کی مختلف ٹریڈ یونینوں پر مشتمل پروفیشنل ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں پارلیمان کی جانب مارچ کی اپیل کی اور کہا کہ پارلیمان کے ارکان کو ایک یادداشت پیش کی جائے گی۔اس میں صدر عمر حسن البشیر سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا ۔بیان میں مزید
کہاگیاکہ دارالحکومت خرطوم میں اتوار کو اور منگل کی شام مظاہرے کیے جائیں گے۔اسی روز اْم درمان سمیت سوڈان کے مختلف شہروں اور قصبوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔سوڈان میں 19 دسمبر کو حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمت میں تین گنا اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تھے۔ سوڈانی صدر نے چند روز قبل ایک بیان میں استعفے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین سے کہا تھا کہ وہ 2020ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی تیاری کریں اور انتخاب جیت کر اقتدار میں آئیں۔