لندن(این این آئی)برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک سمیت متعدد یورپی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطے کیے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹسک نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مے نے بریگزٹ کے بارے میں لندن کے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے گفتگو کی۔ برطانوی وزیر اعظم نے یورپی کمیشن کے صدر ڑاں کلود ینکر
اور ڈچ وزیر اعظم مارک رْٹے سے بھی رابطے کیے۔ ڈچ وزیر اعظم کے مطابق مے کو امید ہے کہ برطانیہ انتیس مارچ کو عملا یورپی یونین سے نکل جائے گا۔ ان یورپی رہنماؤں نے اب تک کسی نئی بریگزٹ ڈیل کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔ برطانوی پارلیمان نے گزشتہ برس نومبر میں لندن اور برسلز کے مابین طے پانے والی بریگزٹ ڈیل کو رواں ہفتے ہی مسترد کر دیا تھا۔