ریاض (این این آئی)سعودی عرب کے وزیر برائے تیل ، صنعت اور قدرتی وسائل خالد الفالح نے کہا ہے کہ مملکت نے گذشتہ مہینوں کے دوران میں اپنی تیل کی پیداوار اور برآمدات میں وعدے سے بھی زیادہ کمی کردی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی میں منعقدہ اطلانتک کونسل عالمی توانائی فورم کے تیسرے ایڈیشن میں تقریر کرر ہے تھے۔انھوں نے سعودی عرب اور اوپیک کے دوسرے رکن ممالک کی تیل کی پیداوار میں کمی کے سمجھوتے پر عمل درآمد اور عالمی مارکیٹ کی
صورت حال کے بارے میں اظہار خیال کیا ۔انھوں نے کہا کہ تیل کی پیداوار میں جنوری کے آغاز سے 12 لاکھ بیرل یومیہ کمی کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے لیکن ثانوی ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی دسمبر میں اوپیک اور غیر اوپیک ممالک کی تیل کی پیداوار 60 لاکھ بیرل سے زیادہ تھی اور یہ نومبر کے مقابلے میں کم تھی ۔انھوں نے کہا کہ اگر ہم تیل کی عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور ہفتہ وار ڈیٹا سے ماورا دیکھیں تو اب مارکیٹ درست سمت میں گامزن ہوگئی ہے اور یہ بہت جلد متوازن ہوجائے گی۔