برسلز(این این آئی)یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے کہا ہے کہ رومانیہ کی داخلی سیاسی کشیدگی یورپی یونین کی ششماہی صدارت کے لیے منفی اثرات کی حامل ہو سکتی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے رومانیہ کی حکومت کو متنبہ کیا کہ غیر منطقی تکراری سیاست سے رومانیہ کو داخلی اور خارجی سطح پر
شدید نقصان کا احتمال ہے۔ انہوں نے اس مشرقی یورپی ملک کے سیاستدانوں کو تلقین کی کہ برداشت کے جذبے کے تحت معاملات کو آگے بڑھائیں۔ رومانیہ کے صدر کلاؤس ایوہانس نے ینکر سے ملاقات میں واضح کیا کہ داخلی مسائل سے یورپی یونین کی صدارت کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ رواں برس کی پہلی ششماہی کے لیے یورپی یونین کا صدر ملک رومانیہ ہی ہے۔