نیویارک(آئی این پی) اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے مشرق وسطی امن پلان سے متعلق کہا ہے کہ یہ پلان ماضی کے مقابلے میں زیادہ مفصل اور طویل ہوگا۔ نکی ہیلی نے اپنے آخری خطاب میں اسرائیل ۔فلسطین تنازعے کے بارے میں اقوام متحدہ پر الزام لگایا کہ وہ اسرائیل کے خلاف متعصبانہ رویہ رکھتی ہے جس سے امن مذاکرات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے
کے مطابق بدھ کو ہیلی نے صدر ٹرمپ کے امن پلا ن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں طرفین بالخصوص فلسطین کو زیادہ فائدہ پہنچے گا۔ یہ منصوبہ کافی طویل ہے جس کا مشاہدہ انتہائی باریک بینی سے کرنے کی ضرورت ہے ۔ مندوب نے مزید کہا کہ اس پلان کے بعض حصے فریقین کو ناگوار گزر سکتے ہیں جس پر مفاہمت کی ذمے داری فلسطینی و اسرائیلی حکام پر عائد ہوگی ۔