اسلام آباد/لاہور/ کراچی/پشاور(آئی این پی) وفاقی حکومت کی جانب سے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے ساتھ ہی نان بائیوں نے روٹی کے نرخ میں من مانے اضافے کردئیے ‘ سادہ روٹی کی قیمت 10‘ نان کی 15 اور روغنی نان کی قیمت 30 روپے تک کر دی‘ عوام سراپا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے چند روز قبل سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔
گیس کے نرخ بڑھنے کے سبب ملک بھر میں نان بائیوں نے بھی غیر اعلانیہ طور پر روٹی کے نرخ میں اضافہ کر دیا۔ 8 روپے کی روٹی کی قیمت 10 روپے ‘ 12 روپے والے نان کی قیمت 15 روپے اور 25 روپے کے روغنی نان کی قیمت 30 روپے کر دی گئی ہے۔ نان بائیوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے سے ہمارے بل ڈبل ہو گئے ہیں جس کے باعث ہمیں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مہنگی گیس کے ساتھ پرانے نرخوں پر روٹی عوام کو مہیا نہیں کر سکتے۔ نان بائیوں کا کہنا ہے کہ حکومت گیس قیمتوں میں اضافہ واپس لے تو ہم بھی روٹی کے نرخ پرانے والے مقرر کر دیں گے۔ دوسری جانب تندوروں پر روٹی کے نرخ بڑھنے کے باعث عوام سراپا احتجاج ہیں عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپنے دعوؤں کے مطابق عوام کو ریلیف دینا چاہیے۔ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ تبدیلی کے آثار عوام کو نظر آئیں گے لیکن یہ ہماری خام خیالی ہی رہی۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کے نرخوں میں کمی کی جائے تاکہ عوام بھی یہ برملا کہہ سکے کہ نئی حکومت کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔