واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک )اقوام متحدہ میں امریکی مستقل مندوب نکی ہیلے نے کہا ہے کہ واشنگٹن روہنگیا مہاجرین کی بحالی کے لئے 185ملین ڈالر امداد فراہم کرے گا، امریکی امداد بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کی فلاح و بہبود پر استعمال کی جائے گی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکہ کی اقوام متحدہ میں مستقل سفیر نکی ہیلے نے کہا ہے کہ ان کی حکومت روہنگیا مہاجرین کی بحالی میں امدادی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس
مقصد کے لیے مزید 185 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے دوسرے ممالک سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بھی اس امدادی پروگرام کا حصہ بنیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ امریکی امداد بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کی فلاح و بہبود پر استعمال کی جائے گی۔ اس وقت بنگلہ دیشی سرحدی علاقوں میں 7 لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں جو کہ اگست سن 2017 میں میانمار کی ایک فوجی چھاپہ مار کاروائی کے دوران اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش میں داخل ہوئے تھے۔