اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دریائے ستلج اور راوی میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ہنگامی صورتحال سے نبٹنے کیلئے الرٹ جاری کر دیا۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شدید طوفانی بارشوں کا سلسلہ بھارت سے پاکستان میں داخل ہو رہا ہے اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پیر تک بارشوں کا امکان ہے جبکہ دریائے ستلج اور راوی میں ان بارشوں کے
باعث اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اےنے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، سرگودھا، فیصل آباد، راولپنڈی، ساہیوال ڈویژن، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہوائوں، گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔