ریاض (آن لائن)سعودی محکمہ پاسپورٹ نے دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کو حج کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ ہوائی جہازوں، سمندری راستوں اور بسوں و گاڑیوں سے واپسی کی تاریخوں کی پابندی کریں۔ ترجمان سعودی محکمہ پاسپورٹ بدر القرینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ پاسپورٹ نے جس طرح حجاج کو ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر آمد کے وقت خوش آمدید کہا تھا اسی طرح اب واپس جانے والے انہیں انتہائی خوش اسلوبی سے رخصت کیا جائیگا۔
محکمے نے ا میگریشن کی کارروائی کیلئے مطلوب افرادی قوت اور مشینیں فراہم کردی ہیں۔ القرینی نے حجاج کرام سے اپیل کی کہ ہر حاجی واپسی کی تاریخ کی پابندی کریں، مقررہ تاریخ کے بعد سعودی عرب میں قیام نہ کرے۔ ہر حاجی کی واپسی کی تاریخ ویزے میں تحریر ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی قوانین کے بموجب کوئی بھی شخص ویزے کی تاریخ ختم ہونے کے بعدمملکت میں قیام کا مجاز نہیں ہوگا بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔