اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف نے نامزد سپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنماؤں سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں تعاون کی درخواست کردی۔ منگل کو تحریک انصاف کے اراکین اسد قیصر، قاسم سوری، فرخ حبیب اور ریاض فتیانہ نے
پارلیمنٹ لاجز میں جی ڈی اے کے اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور غوث بخش مہر سے ملاقات کی اور ان سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں تعاون کی درخواست کی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے، ہم نے ان چیلنجوں کو مواقع میں بدلنا ہے۔ ہم پاکستان کیلئے نئے دور کی شروعات کریں گے۔ سپیکر رہنے والی شخصیات کی رہنمائی سے ایوان چلائیں گے، جی ڈی اے کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں معیشت اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے جن سے ملکر چھٹکارہ حاصل کریں گے، ہمارے اراکین سے بھی رابطوں کی اطلاعات ہیں، یقین ہے ہمارے اراکین ضمیر کا سودا نہیں کریں گے، ہم نے خورشید شاہ سے بھی حمایت کی درخواست کی، ہمیں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے، عمران خان نے ایوان کو عزت دینے اور مضبوط کرنے کا کہا ہے، خورشید شاہ ہمارے مینڈیٹ کا احترام کریں، ہم (ن) لیگ کے مینڈیٹ کا بھی احترام کرتے ہیں، وہ ایوان میں اپنا کردار ادا کرے۔ جی ڈی اے کے رہنما غوث بخش مہر نے کہا کہ جی ڈی اے قومی اسمبلی میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور نئے وزیراعظم کے انتخاب میں تحریک انصاف کی حمایت کرے گی جبکہ فہمیدہ مرزا نے کہاکہ پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔