نیو اورلینز (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کی ریاست نیو اورلینز میں اوڈوبون نامی چڑیا گھر میں ایک چیتے نے اپنے پنجرے سے نکل کر چڑیا گھر کے چھ جانور مار ڈالے۔امریکی ٹی وی کے مطابق چڑیا گھر کے حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جاگوار نسل کا ایک چیتا اپنے پنجرے سے نکل کر بھاگ کھڑا ہوا اور سامنے آنے والے چھ جانور مار ڈالے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چڑیا گھر میں شہریوں کی آمد ورفت نہیں تھی۔ حکام نے بھاگنے والے چیتے کو قابو کرلیا مگر تب تک وہ چھ جانوروں کو چیڑ پھاڑ کر کھا چکا تھا۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ چیتے نے جنوبی امریکا میں پائے جانے والے اونٹ کے مشابہ چار الپاکابھیڑیں ایک ایمو پرندہ اور ایک لومڑی مار ڈالی۔ تاہم خوش قسمتی سے اس وقت چیڑیا گھر میں کوئی سیاح موجود نہیں تھا۔ چڑیاگھر کے حکام کا کہنا تھا کہ وہ چیتے کے اپنے پنجرے سے فرار کی تحقیقات کررہے ہیں۔ فوری طورپر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا چیتا اپنے آہنی پنجرے سے کیسے بھاگا؟۔انتظامیہ کا کہنا تھاکہ جاگوار نسل کا یہ چیتا بھوکا نہیں تھا۔ لگتا ہے کہ اس نے شکار کی غرض سے جانور نہیں مارے۔