تہران(انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی سپریم لیڈر نے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ امریکی صدر سے پہلے بھی چھ امریکی صدور ایران کو غیر مستحکم بنانے کی کوششیں کر چکے ہیں تاہم ان کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر نے کہاکہ پابندیوں کی صورت میں امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی دبا ڈالنے کا مقصد اس شیعہ مسلمانوں کی اکثریت والے اس ملک کے شہریوں کو اپنی ہی حکومت کے خلاف کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سنی
خلیجی ریاستوں کے ساتھ مل کر ایرانی حکومت کو عدم استحکام کا شکار بنانا چاہتے ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر نے کہاکہ پابندیوں کا مقصد اقتصادی دبا ڈالنا ہے تاکہ ایرانی عوام اور حکومت کے درمیان تقسیم پیدا ہو سکے، مگر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلے بھی چھ امریکی صدور ایسی کوششیں کر چکے ہیں اور ان سب ہی کو ہمت ہارنا پڑی۔ خامنہ ای کے بقول اگر امریکا ایران کے خلاف خود کارروائی کر سکتا، تو اسے ایران میں عدم استحکام اور بد امنی پھیلانے کے لیے اس خطے میں موجود ممالک کا سہارا نہ لینا پڑتا۔