اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن میں(ن)لیگ کی کامیابی کو نہیں روکا جاسکتا،کسی مائی کے لعل میں ہمت نہیں کہ وہ ہمیں پنجاب اوروفاق میں حکومتیں بنانے سے روکے،احتساب کے نام پر ہمیشہ جمہوریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا، پی ٹی آئی میں ایک ایک شمولیت کی چار چار دفعہ خبریں چلاتے ہیں ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہمیشہ جمہوریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا، اسی احتساب کے نام پر(ق)لیگ بنی اور اب اسی احتساب کے نام پر پی ٹی آئی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، احتساب کے نام پر اپنی مرضی کے لیڈرز لانے کی کوشش کی جاتی رہی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایک ایک شمولیت کی چار چار دفعہ خبریں چلاتے ہیں، پہلے کہتے ہیں (ن)لیگ سے علیحدہ ہوگئے، بہت بڑی وکٹ گرگئی، پھر پتا چلتا ہے خان صاحب کے چھوٹے سے ملاقات اور پھر خان صاحب سے ملاقات، پھر چلتا ہے خان صاحب ان کے گھر تشریف لائیں گئے، جلسے کے لیے پھریہی خبر چلتی ہے۔میاں نوازشریف کیخلاف نیب کے نوٹس پر بات کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ اگر یہ چیئرمین نیب کی غلطی تھی تو معافی آجانی چاہیے تھی، اگر معافی نہیں آئی تو دانستہ کیا گیا ہے، اب چیئرمین نیب نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں عزت رکھنی ہے یا عہدہ؟طلال چوہدری نے کہا کہ کسی مائی کے لعل میں ہمت نہیں کہ وہ الیکشن روکے، الیکشن میں(ن)لیگ کی کامیابی کو بھی نہیں روکا جاسکتا، کسی مائی کے لعل میں ہمت نہیں کہ وہ ہمیں پنجاب اوروفاق میں حکومتیں بنانے سے روکے، ہم الیکشن کی تیاری نہیں، نئی حکومت سازی کی تیاری کررہے ہیں۔