ایک روز نبی پاکﷺ بیمار ہو گئے ، ناتواں بدن لے کر بستر پر پڑے سو گئے، تو حضرت ابوبکر صدیقؓ زیارت کیلئے حاضر ہوئے تو دیکھا کہ آنحضرتﷺ بستر مرض پر پڑے ہیں تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو شدید غم لاحق ہوا، جب گھر واپس لوٹے تو خود بھی رسول اللہﷺ کے غم میں بیمار ہو گئے، جب نبی کریمﷺ اپنے مرض سے شفایاب ہوئے تو ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ملاقات کرنے تشریف لائے۔
(جب صدیق اکبررضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دیکھا تو) ان کا چہرہ خوشی سے دمکنے لگا کہ حضورﷺ شفایاب ہو گئے، صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس عدیم النظیر محبت کا نقشہ کچھ اس طرح کھینچا ہے۔’’میرے حبیب ﷺ بیمار ہوئے تو میں نے ان کی بیمار پرسی کی، پس میں اس غم کے مارے خود بیمار ہو گیا، پھر میرے حبیبﷺ کو شفاء حاصل ہوئی تو وہ میری ملاقات کو تشریف لائے تو ان پر نظر پڑتے ہی میں بھی شفایاب ہو گیا‘‘۔