ریاض(آئی این پی)سعودی حکومت نے مملکت کے سرکاری علما ء بورڈ کی تشکیل نو کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ مجلس شوری میں کئی نئے ارکان کی شمولیت کا بھی فیصلہ کرلیا۔سعودی میڈیا کے مطابق جاری کردہ ایک شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ سپریم علما کونسل کی تشکیل نو کی جائے گی۔شاہی فرمان کے تحت مجلس شوری کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد آل عمرو کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے بعد ان کی جگہ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ کو مجلس شوری کا چیئرمین، ڈاکٹر محمد بن امین احمد الجفری کو وائس چیئرمین اور ڈاکٹر یحیی بن عبداللہ بن عبدالعزیز الصمعان کو چیئرمین کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔
نئے شاہی فرمان کے تحت وزیر برائے لیبر سماجی ترقی مفرج الحقبانی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے بعد ان کی جگہ علی الغفیص کو وزارت بہبود آبادی کا قلمدان سونپا گیا ہے۔کسٹمز کے ڈائریکٹر جنرل صالح بن منبع بن صالح الخلیوی اور ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر نائف بن ھشال الرومی کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔شاہی فرمان کے تحت عبدالرحمان بن محمد السدحان کو شاہی دیوان کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہوگا۔