اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کاسعود ی عرب کیساتھ عقیدت کا رشتہ ہے، مضبوط تعلقات مذہبی،ثقافتی اور تجارتی بنیاد پر قائم ہیں،دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ وزیر مملکت اطلاعات ونشریات نے یہ بات جمعرات کو سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں اطلاعات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مملکت اطلاعات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کاسعود ی عرب کیساتھ عقیدت کا رشتہ ہے،سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیاہے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات مذہبی،ثقافتی اور تجارتی بنیاد پر قائم ہیں،انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا تذویراتی شراکت دار ہے،دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکتے ہیں،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ۔