فیصل آباد (آن لائن)سعودی حکومت نے بزنس وزٹ، عمرہ اور ٹرانزٹ کے بعد اب فیملی وزٹ ویزے کی فیسوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ یاد رہے کہ فیملی وزٹ ویزا پر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنی فیملی کو چند ماہ کے لیئے بلاتے تھے اس فیصلے کے نفاذ سے عام مزدور جس کی تنخواہ ایک ہزار ریال ہے اپنے بچوں کو سعودی عرب فیملی وزٹ ویزے پر بلائیں گے تو ان کو ہر فیملی ممبر کے عوض سنگل انٹری کے لیئے 91000 روپے، 6ماہ کے لیئے 120000 روپے، ایک سال کے لیئے 180000 روپے
اور دو سالہ وزٹ ویزا کے لیئے 272000 روپے ویزا فیس ادا کرنا پڑے گی، فیس میں بے تحاشہ اضافے سے پاکستانی کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ابھی عمرہ ویزا فیس کی واپسی کا نوٹیفکیشن نہیں ہوا تھا کہ ایک نئی خبر آگئی ہے۔ ایسوسی ایشن آف ایشیئن حجاج کے کنوینئر حافظ شفیق کاشف نے کہا ہے کہ امریکہ نے فیملی ملٹی پل وزٹ ویزا کی فیس ۵ سال کے لیئے 20ہزار سے کم کرکے 15ہزار کردی ہے جبکہ سعودی حکومت نے مختلف دورانیہ کے لیئے وزٹ ویزا کی فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ کرکے مزدور طبقہ کے ساتھ ظلم کیا ہے
لہٰذا عمرہ فیس کے ساتھ ساتھ فیملی وزٹ کی فیس بھی واپس لی جائے ، انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ ویزا فیس کی واپسی کا بھی کوئی نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں ہوا ہے جبکہ سعودی حکومت نے ویزا فیس کی واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اور نہ ہی سعودی سفارتخانے کے پاس فیس کو ختم کرنے بارے کوئی اطلاع ہے تمام میڈیا رپورٹس اور اخباری اطلاعات افواہوں پر مبنی ہیں۔