اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک ایسے وقت میں جب میں بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی سر توڑ کوششوں میں ہے اور اس کے فوجی بار بار بلا اشتعال فائرنگ کرکے کنٹرول لائن کے قریب پاکستانی سول آبادیوں کو نشانہ بنارہے ہیں ایک پاکستانی فوجی افسر کی جانب سے انسانی ہمدردی کی شاندار مثال سامنے آئی ہے۔ یہ شاندارمثال پاک فوج کے افسر نے کنٹرول لائن سے چند میٹر کے فاصلے پرقائم کی جسے بھارتی فوجی بھی سراہے بغیر نہ رہ سکے۔ دوہزار تین کا واقعہ ہے، آج ہی کی طرح اس وقت بھی حالات کشیدہ تھے،بھارتی فورسز پاکستانی علاقوں پر چڑھائی کے لئے بے چین تھیں اور اسی دوران ان کا ایک اہلکار پاکستانی علاقے میں گھس آیالیکن شدید زخمی ہوگیا۔ ایک پاکستانی فوجی افسر جو کنٹرول لائن سے محض پچھتر میٹر کے فاصلے پر پٹرولنگ پر تھے نے اس کے کراہنے کی آواز سنی لیکن انتقام کے بجائے انسانیت کا درس یاد آگیا۔ پاکستانی افسر نے زخمی بھارتی فوجی کے بیوی بچوں کا خیال آتے ہی در گزر کی شاندار مثال قائم کردی، انہوں نے باآواز بلند پکارا کہ وہ اس فوجی کو نشانہ نہیں بنائیں گے بلکہ اسے بچائیں گے جس پر دیگر بھارتی فوجی بھی آگئے اور جارحیت پر سبق سکھانے کی بہترین پوزیشن میں ہونے کے باوجود شاندار سلوک پر پاکستانی افسر کا شکریہ ادا کرتے رہے۔