لاہور(آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور ممبرقومی اسمبلی حمزہ شہبازسے ہفتہ کوچکوال کی معروف سیاسی شخصیت سردار غلام عباس نے ملاقات کی اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر اپنے تمام ساتھیوں سمیت بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہبازنے کہا کہ موجودہ حکومت کے ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہر محب وطن کواس قومی ایجنڈے کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے سردار غلام عباس کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس سے شمالی پنجاب میں پاکستان کی خالق جماعت مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور ملک کے طول و عرض میں عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ انشاء اللہ 2018ء لوڈشیڈنگ سمیت ملک کو درپیش مسائل کے خاتمے کا سال ہو گا اور مسلم لیگ(ن) سرخرو ہو کر عوام کے سامنے پیش ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام دھرنوں‘ احتجاج کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں اور وہ کسی بھی نعرے پر ملکی مسائل کو سڑکوں پر لانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔ اس موقع پر سردار غلام عباس نے شکریہ ادا کرتے ہوئے غیرمشروط طور پر مسلم لیگ (ن) کے لئے کام کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف دن رات عوامی خدمت کے لئے کوشاں ہیں اور ان کی کاوشوں میں وہ اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔