صوابی( این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نے چار پانچ ماہ قبل سوات کے جلسہ عام میں چکدرہ سے مینگورہ تک جس موٹر وے کی تعمیر کا اعلان کیا تھا اس کو اے ڈی پی میں شامل کر کے صوبہ خیبر پختونخو ااور ملاکنڈ کے عوام پر احسان کیا جائے کرنل شیر خان انٹر چینج سے چکدرہ تک ایک حصہ موٹر وے ہماری حکومت بنا رہی ہے جب کہ آدھا حصہ مینگورہ سے چکدرہ تک موٹر وے وزیر اعظم میاں نواز شریف بنا کر اپنے وعدے کی پاسداری کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کی سہ پہر کرنل شیر خان انٹر چینج( صوابی) کے مقام پر 35ارب روپے کی لاگت سے کرنل شیر خان انٹر چینج سے چکدرہ تک 81کلو میٹرک طویل سوات موٹر وے کی تعمیر کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سپیکر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر ، وزیر اطلاعات مشتاق غنی ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان ، وزیر تعلیم عاطف خان ، سینئر وزیر برائے بلدیات عنایت اللہ خان، مشیر وزیر اعلیٰ اکبر ایوب خان ، چیف سیکرٹری ، ڈی جی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن محمد افضل ، سیکرٹری خالد خان، سرکاری آفسران اعلیٰ حکام اور پی ٹی آئی کے قائدین و کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ آج ہمارے لئے خوشی کادن ہے کہ صوبائی اتحادی حکومت نے صوبے کی وسائل سے سوات موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تین سالوں کے دوران بڑے بڑے پراجیکٹ پر عملی کام شروع کر دی ہے 32ارب روپے کی لاگت سے پشاور میٹرو بس سروس پر کام شروع ہو کر دسمبر 2017تک مکمل کیا جائیگا یہ صوبائی منصوبہ ہے اور 80کلو میٹرکا پراجیکٹ ہے اسی طرح سوا ت موٹر وے کا معاہدہ فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ کیا گیا ہے جس کو دسمبر2017تک ایف ڈبلیو او نے مکمل کر نے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ اس ادارے نے پندرہ ماہ کے اندر اندر اس منصوبے کو مکمل کر نے کا وعدہ کیا ہے یہ ایک ریکارڈ کام ہے کہ ایک قومی ادارہ تاریخ بدل کر ریکارڈ قائم کرئیگاانہوں نے کہا کہ اسی طرح وفاقی حکومت کی تعاون سے 120ارب روپے کی لاگت سے چشمہ لفٹ کنال پراجیکٹ پر کام شروع کیا جائیگا جس میں تیس فی صد صوبہ خیبر پختونخوا حکومت جب کہ ستر فی صد حصہ وفاقی حکومت ڈالے گا ۔اس منصوبے کے لئے لوگ گذشتہ بیس تیس سالوں سے باتیں کر رہے تھے مگر وہ عملی طور پر کچھ نہ کر سکے اس منصوبے سے پونے تین لاکھ بنجر اراضی قابل کاشت ہو کر صوبہ خیبر پختونخوا گندم کی پیداوار میں خود کفیل ہو گا اور اس کے بعد کسی سے بھیک مانگنا نہیں پڑیگا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چائنہ کمپنی کے ساتھ میٹرو ٹرین سسٹم کے حوالے سے معاہدہ ہو چکا ہے جس کے رو سے دو سو ارب روپے کی لاگت سے پشاور ، نوشہرہ ، چارسدہ ، مردان اور صوابی تک ڈیڑھ سو کلو میٹرریلوے ٹریک بنے گا اس منصوبے کے تحت پچاس ہزار افراد بیک وقت سفر کرسکیں گے۔ اور اس کا جلد سنگ بنیاد رکھ کر اس پر جلد از جلد کام شروع ہو جائیگا انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہزارہ ایکسپریس وے بنا رہی ہے جس سے ترقی کا نیا راستہ کھلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ راہداری منصوبے ( سی پیک) کے حوالے سے ہم نے وفاقی حکومت سے کافی بات چیت کی ہے جب کہ حکومت نے مغربی روٹ کے حوالے سے اے پی سی میں وعدہ بھی کیا ہے لیکن حکومت نے اس منصوبے کو ہم سے انتہائی خفیہ رکھا تھا ہم کو اندھیرے میں رکھا گیا جب ہم نے شور مچایا تو حکومت نے اے پی سی میں وعدہ کیا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی ہی وسائل سے پشاور سے بنوں اور ڈی آئی خان تک ایکسپریس وے ٹرین سسٹم کے علاوہ پشاور سے اسلام آباد تک ڈبل وے کے منصوبے شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کا سٹرکچر روٹ ، بلڈنگز اور سسٹم ٹھیک نہیں ہو گا تب تک ملک ترقی نہیں کر ئیگا بجلی ، گیس اور سڑکیں نہ ہونے سے صوبے میں صنعتیں نہیں بن رہے ہیں یہ بنیادی چیزیں ہے جو لازم و ملزوم ہے اور صوبائی حکومت اس پر بھر پور توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے اتھارٹی بنا رہی ہے تاکہ بہتر سے بہتر سہولیات میسر ہو انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے پر ہر قسم کی سہولیات میسر ہونگی انہوں نے کہا کہ یہ سیالکوٹ موٹروے کی طرح چار لائن کا روڈ ہو گا اگر ہمیں اگلی دفعہ حکومت کا موقع ملا تو سوات موٹر وے کو چھ رویہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ کرنل شیر خان انٹر چینج کے ساتھ صنعتی بستی قائم کر نے کے لئے دس ہزار کنال اراضی حاصل کر لی گئی ہے اور یہ سی پیک کا ایک حصہ ہے اسی طرح 80کنال اراضی ایک جدید ٹاؤن شپ کے قیام کے لئے خریدی گئی ہے یہاں اسلام آباد ، حیات آباد جیسا جدید اور خوبصورت قائم کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے کے قیام سے ملاکنڈ ، نوشہرہ ، صوابی ، بونیر اور پورے صوبے کے عوام مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خود لاکھوں کی تعداد میں لوگ سیرو تفریح کی شوق رکھتے ہیں سوات موٹر وے کی تعمیر سے ملک سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ سیاحت کے لئے دیر ، سوات اور ملاکنڈ آکر علاقہ ترقی کرئے گا انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے غیر ملکی دوروں میں اپنے ساتھ نہ لے جانے پر گلہ نہیں کر تے لیکن ضرور یہ مطالبہ کر تے ہیں کہ وہ اپنے اعلان کو عملی جامہ پہنا کر مینگورہ سے چکدرہ تک موٹر وے کو عملی جامہ پہنائے انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے معیاری اور کوالٹی کے لحاظ سے ایک عالمی معیار کا موٹر وے ثابت ہو گا کیونکہ ہم کمیشن لینے والے نہیں اور نہ ہی معیار پر سمجھوتہ کر تے ہیں پی ڈبلیو او ایک بہترین ادارہ ہے اور اس ادارے سے امید ہے کہ وہ معیار کو بر قرار رکھے گا۔