کویت سٹی (این این آئی)بین الاقوامی پولیس ایجنسی انٹرپول نے کویتی رکن پارلیمنٹ عبدالحمید دشتی کو حراست میں لینے کے لیے وارنٹ جاری کر دیے تاکہ ان کے خلاف عدالتی فیصلے پر عمل درامد کیا جا سکے۔ اس سے قبل کویتی پارلیمنٹ نے دشتی کی مامونیت ساقط کر دی تھی تاکہ کویتی اور سعودی عدلیہ کی توہین کے معاملات میں ان کے ساتھ تحقیق کی جا سکے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کویت سے مفرور عبدالحمید دشتی بعض وڈیو کلپس میں نمودار ہو کر شامی حکومت ، حزب اللہ اور علی خامنہ ای کی تعریف کرتے نظر آئے ہیں جب کہ ساتھ ہی انہوں نے سعودی عرب اور کویتی اداروں کی اہانت بھی کی ہے۔واضح رہے کہ بحرین کی ایک عدالت کی جانب سے پہلے ہی عبدالحمید دشتی کے خلاف دو سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔دشتی ان دنوں نظروں سے اوجھل ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ شام میں موجود ہیں۔کویت میں ایک شہری کی جانب سے عبدالحمید دشتی کے خلاف نامناسب رویے کا مقدمہ بھی دائر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دشتی کے خلاف العبدلی گروپ کے معاملے میں کویتی عدلیہ کی توہین سے متعلق مقدمہ بھی دائر ہے۔