بیجنگ (آئی این پی )چین کے مرکزی ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین فان چانگ لانگ نے افواج کو جنگ کے لئے تیار رہنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ فان چانگ لانگ نے جنوبی تھیٹر کمانڈ کے دورہ کے موقع پر فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سازوسامان کی رسد کو بہتر بنانے کے ساتھ لاجسٹکس کو تیار رکھا جائے ، افسران اور اہلکاروں کو چین کی سلامتی ، سیکیورٹی اور مفادات کو لاحق خطرات سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے افواج پر زوردیا کہ وہ جدید جنگوں کے طریقوں پر تحقیق جاری رکھیں اور خاص طور پر مختلف صورتحال سے نمٹنے اور اہم اہداف کو حاصل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی جائے ، فضائی اور بحری پیٹرولنگ کو منظم بنیادوں پر کیا جائے تاکہ سرحدوں پر سمندری حدود کو لاحق کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال اور فضائی حدود کو لاحق خطرات سے موثر طور پر نمٹا جا سکے ۔