ملتان (آئی این پی ) معروف عالم دین مفتی عبد القوی نے کہا ہے کہ قندیل بلوچ نے پانچ مرتبہ اپنے فون سے میسج کے ذریعے اپنی کی گئی غلطی پر معافی مانگی جس میں ان کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں اور انہیں معاف کرتا ہوں ۔آج بروز جمعہ شکرانے کے نوافل ادا کروں گا کیونکہ اللہ نے مجھے سرخرو کیا ،میں حق پر تھا ان خیالات کا اظہار انہوں نے قدیر آباد میں اپنے مدرسہ میں منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پرمفتی عبدالقوی نے میڈیا کو قندیل بلوچ کے میسجز بھی دکھائے۔ مفتی عبد القوی نے مزید کہا کہ قندیل بلوچ کو معاف کرنے کے موقع پر ان سے یہ توقع بھی کرتا ہوں کہ وہ میرے یا عمران خان سمیت کسی کے بھی حوالے سے آئندہ کوئی بات کریں گی مثبت انداز میں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ معاملہ سامنے آیا تو دنیا بھر سے مجھے علماء ،مشائخ نے فون اور میسج کرکے تسلیاں دیں کہ آپ گھبرائیں نہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں جبکہ جنوبی افریقہ میں ایک بہت بڑی مسجد کے منتظم نے مجھے 27رمضان المبارک کو جنوبی افریقہ آنے کی دعوت بھی دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب میں نے وضو کرنے کے لئے میں نے اپنی واسکٹ اور ٹوپی اتاری اور وضو کرکے جب میں واپس آیا تو قندیل بلوچ نے میری ٹوپی پہن رکھی تھی جس پر میں حیرت زدہ ہو کر رہ گیا جب میں نے قندیل بلوچ سے ٹوپی پہننے بارے پو چھا تو اس نے کہا کہ چونکہ میرے سر پر پردہ نہیں تھا اس لئے میں نے ٹوپی پہن لی تاہم میں اب ان کے معافی مانگنے بارے میسج آئے تو میں نے اسے معاف کر دیا ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قندیل بلوچ نے میرے حوالے سے جو باتیں کی ہیں وہ درست نہیں ہیں ۔