کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی کامیڈی فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ کی کامیابی کے بعد ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی میرزا کی اگلی فلم کا سب کو بے صبری سے انتظار ہے جس میں بولی وڈ اداکار اوم پوری بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔فلم ’ایکٹر اِن لا‘ میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات خان اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔اس فلم کی کاسٹ میں اوم پوری کے ساتھ ایلی خان اور صبور علی بھی کام کریں گے۔نبیل قریشی کے مطابق فلم مکمل ہونے کے بعد اوم پوری اس کی تشہیر اور پریمیئر کے لیے پاکستان ضرور آئیں گے۔فلم کی کہانی کے حوالے سے جب نبیل سے سوال کیا گیا تو انہوں نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر کچھ خاص بتانے سے گریز کیا۔ان کا کہنا تھا ’مجھے چیزوں کے مکمل ہونے سے پہلے اْن پر بات کرنا پسند نہیں، یہی میرا کام کرنے کا انداز ہے، یہ ایک سماجی کامیڈی فلم ہے جس کی کہانی کافی دلچسپ ہوگی۔نبیل کا مزید کہنا تھاکہ اس فلم کا ٹریلر جلد ریلیز کیا جائے گا اور اگر ملک کے حالات ٹھیک رہے تو فلم رواں سال عید پر ضرور ریلیز کی جائے گی۔