برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس اور بیلجیئم میں شدت پسند تنظیم داعش کے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا گیا ۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیئم کے مقامی اخبار نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش فرانس اور بیلجیم پر حملہ کرسکتی ہے اور اس کارروائی کے لیے داعش کے جنگجو شام سے روانہ ہوگئے ہیں، خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے ممکنہ حملوں کی اطلاعات کے بعد دونوں ممالک کی سیکیورٹی فورسز کو خبردار کردیا گیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق حملوں کے خدشے کے پیش نظر بیلجیئم کرائسز سینٹر کی جانب سے ملک کے تمام سیکیورٹی اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے جب کہ فرانسیسی وزارت داخلہ کا کہنا تھاکہ بیلجیئم حکام کی جانب سے داعش کے ممکنہ حملوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے تمام سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال فرانس جب کہ اس سال بیلجیئم میں حملوں اور بم دھماکوں کے نتیجے میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔