واشنگٹن(این این آئی)امریکا اور فرانس میں تازہ پْر تشدد واقعات کے بعد تجزیہ نگاروں نے کہاہے کہ اورلینڈو،پیرس حملوں کے بعد دنیا کی نظریں پاکستان پرہیں،دہشت گرد پاکستان میں قدم جمانے کی کوشش میں ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق واشنگٹن کے مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں پاکستان سینٹر کے ڈائریکٹر مارون جی وائن باؤم نے کہاکہ داعش کو پہلے سے پاکستان میں موجود طاقتور انتہا پسند گروپوں کی موجودگی کی وجہ سے وہاں اپنے قدم جمانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ امریکا میں قائم مڈل ایسٹ فورم کے ریسرچ فیلو ایمن جواد التمیمی کے خیال میں بھی آئی ایس اس قابل نہیں ہے کہ پاکستان کی بقا کے لیے خطرہ بن سکے۔ایک اندازے کے مطابق اب تک سات سو پاکستانی نوجوان آئی ایس میں شمولیت کے لیے پاکستان سے جا چکے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز آئی ایس کے لیے تعلیم یافتہ نوجوان بھرتی کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف مختلف آپریشنز میں اب تک سینکڑوں افراد کو گرفتار کر چکی ہیں۔