کابل (این این آئی) افغانستان نے کہاہے کہ طورخم بارڈرکشیدگی پر افغان صدرکے مشیر پاکستانی حکام سے ملاقات کریں گے،افغان میڈیا کے مطابق افغانی سفیر حضرت عمر نے پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کوٹیلی فون کیا اور بتایا کہ افغان صدر کے سفیر اور مشیر پاکستانی حکام سے ملاقات کریں گے ۔ افغان سفیر کا کہنا تھا کہ ملاقات کا فیصلہ افغان صدر اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سے ملاقات کے بعد ہوا ہے ۔واضح رہے کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے اتوار کے روز پاکستان کی جانب سے طور خم بارڈر پر گیٹ کی تنصیب کرنے پربلااشتعال فائرنگ شروع کر دی تھی جس پر پاک فوج کی جانب سے بھر جواب دیا گیاتاہم طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ سے میجر جواد چنگیزی شہید ہوگئے تھے ۔واقعے کے بعدبارڈر پر کشید گی برقرار ہے اور بارڈر گزشتہ چار روز سے بند ہے تاہم وقفے وقفے سے لنڈی کوتل بازار کو کھول دیا جاتا ہے مگر طورخم بارڈر پر بدستور کرفیو نافذہے ۔ گزشتہ شام بھی افغان فورسز کی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوئے تھے جس کے بعد بارڈر سکیورٹی فورسز کو الرٹ رہنے اوربارڈر پار سے فائرنگ پر بھرپور جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر پر کشیدگی کی وجہ سے مچنی چیک پوسٹ سے کسی کو بھی آگے آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔