برسلز(این این آئی)مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہ ڑینس اسٹولٹن برگ نے کہاہے کہ بالٹک ریاستوں اور پولینڈ میں کثیرالنسلی طاقتور چار بٹالینز تعینات کی جائیں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان فوجی دستوں کی تعیناتی کا فیصلہ نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں کیاگیا۔ اسٹولٹن برگ کے مطابق وزرائے دفاع کے اجلاس میں اِس تعیناتی کی رسمی منظوری لی گئی ۔ یہ فوجی ایسٹونیا، لٹویا، لیتھوانیا اور پولینڈ میں تعینات کیے جائیں گے۔ اسٹولٹن برگ کے مطابق اِن فوجیوں کی تعیناتی یوکرائن میں روسی مداخلت کے تناظر میں کی جا رہی ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ ان فوجیوں کو مستقل طور پر ان ملکوں میں نہیں رکھا جائے گا بلکہ وقتاً فوقتاً ان کو واپس بھی بلایا جا سکے گا۔