کوالالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک)ملائیشیا کی حکام نے ملک میں پابند شریعت عملہ متعارف کرانے والی ’’رایانی ایئر‘‘ کی پروازوں پرپابندی عائد کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے فضائی سفر کے لیے ضروری قواعد کی پابندی نہیں گئی بلکہ فضائی سفری اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔خیال رہے کہ ملائیشیا میں پابند شرع عملے پر مشتمل فضائی کمپنی ’’رایانی ایئر‘‘ گذشتہ سال دسمبر میں متعارف کی گئی تھی۔ کمپنی کا دعویٰ تھا کہ اس کے عملے میں شامل خواتین اسلامی شرعی لباس زیب تن کرتی اور حجاب اوڑھتی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے مسافروں کو حلال کھانا بھی مہیا کرتی ہے۔ ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ “رایانی ایئر” کی جانب سے مسافروں کو ’باوقار‘ لباس زیب تن کرنے کی بھی تاکید کی جاتی ہے۔سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر گذشتہ اپریل کو متذکرہ کمپنی کی پروازیں معطل کردی گئی تھیں۔ مسافروں کی جانب سے کمپنی کی پروازوں میں تاخیر اور عین وقت پر پرواز کی منسوخی جیسی شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔تا ہم ملائیشیا کی فضائی ایمرجنسی سروس ’’ڈی سی اے‘‘ نے ایک بیان کہا تھا کہ رایانی ایئرلائن کو آپریشنل پروازوں کے لیے دیا گیا پرمٹ واپس لے لیا گیا ہے۔ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر جنرل ازھر الدین عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ فضائی مسافروں کی سلامتی ان کی اولین ترجیح ہے۔