ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران اندرون اور بیرون ملک سے بیت اللہ کی زیارت اور عمرہ کی سعادت کے لیے آنے والے مسلمانوں کی رہ نمائی کی خاطر بڑی تعداد میں مرد حضرات تعینات کیے ہیں وہیں خواتین زائرات کی رہ نمائی کے لیے 1040 پیشہ ور خواتین گائیڈز کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔مقامی ٹی وی کے مطابق مسجد حرام میں امور نسواں کے شعبے کی سربراہ ڈاکٹر فاطمہ بنت زیدان الرشود نے بتایا کہ بیت اللہ کی زیارت کی سعادت کے حصول کے لیے آنے والی خواتین کی رہ نمائی کے لیے امسال 1040 پیشہ ور اور تعلیم یافتہ خواتین گائیڈز تعینات کی گئی ہیں جو خواتین کو شرعی امور میں رہ نمائی ، اللہ کے گھرکے آداب اور مسجد حرام بالخصوص عمرہ سے متعلق امور میں ان کی رہ نمائی کافریضہ انجام دیتی ہیں۔خواتین رہ نما نہ صرف انتظامی امور میں زائرات کی معاونت اور مدد کرتی ہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کے بارے میں آگاہی، دعوت وارشاد، تلاوت کلام پاک کا اہتمام، نمازوں کے دوران صفوں کی درستی، کتب اورقرآن پاک کی فراہمی، زائرات کے لیے تیار کردہ تحائف ان تک پہنچانے، خواتین کے لیے مختص جگہ پر صفائی کا اہتمام کرنے اور قالینیں بچھانے جیسے امور بھی انجام دیتی ہیں۔