ممبئی (این این آئی)اداکارہ جیکلن فرنانڈیز کا خیال ہے کہ اکشے کمار بالی وڈ کے بہترین اداکار ہیں اور جیکلن چاہتی ہیں کہ انھیں بیسٹ ایکٹر کا ایوارڈ ملے کیونکہ وہ اس قابل ہیں اور اس کے حق دار ہیں۔ جیکلن فلم ’’ہاؤس فل تھری‘‘ میں اکشے کے ساتھ نظر آئیں گی۔اکشے کمار اپنے کریئر میں بہت سی سپر ہٹ فلمیں کر چکے ہیں اور انھیں مختلف رولز نبھانے کے لیے ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں۔ لیکن انھیں ابھی تک فلم فیئیر میں بیسٹ ایکٹر ایوارڈ نہیں مِلا ہے۔جیکلن بہت پروفیشنل ہیں اور جس ہیرو کے ساتھ کام کرتی ہیں اسی کو انڈسٹری کا بہترین ایکٹر بنا دیتی ہیں۔ اس سے پہلے فلم ’کک‘ کے بعد سلمان خان کے لیے بھی ایسی ہی خواہشات کا اظہار کر چکی ہیں۔بہر حال جب جیکلن سے پوچھا گیا کہ بالی وڈ کی ہیروئنیں اب ہالی وڈ میں بھی کام کرنے لگی ہیں تو ان کے کیا ارادے ہیں اس پر جیکلن نے کہا ابھی ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ لگتا ہے جیکلن کو اندازہ ہے کہ ابھی تو انھیں بالی وڈ میں ہی اپنی جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔فلم ’ہاؤس فل تھری‘ کے پروموشن سے متعلق پریس کانفرنس میں جیکلین کے ساتھ اکشے کمار اور ابھیشیک بچن بھی موجود تھے۔ اکشے کا کہنا تھا کہ انھیں ہالی وڈ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔اور اب ابھیشیک سے جب ہالی وڈ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہالی وڈ کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ انگلش صرف ایک زبان ہے اور کچھ نہیں۔ اس وقت دنیا بھر میں ہندی فلموں کی بہت چاہ ہے۔ابھیشیک کی اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہندی فلموں کی مانگ دنیا بھر میں بڑھتی جا رہی ہے لیکن ہالی وڈ کی فلموں کو صرف زبان سے جوڑنا نادانی ہوگی۔ ہاں نادانی اس رپورٹر کی بھی جس نے آپ سے یہ سوال کیا۔ اب اپ کی حالت بھی جیکلن سے زیادہ بہتر تو نہیں ہے۔