ممبئی (این این آئی)ڈراموں کے بعد ’منٹو‘ میں نور جہاں کے کردار سے فلم ڈیبیو کرنے والی صبا قمر کی بھی کئی پاکستانی فنکاروں کے بعد بولی وڈ میں انٹری ہوگئی ہے۔رپورٹس کے مطابق صبا قمر اپنی پہلی بولی وڈ فلم میں مشہور اداکار عرفان خان کے مقابلے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔حال ہی میں فلم کے حوالے سے کچھ تصاویر منظر عام پر آئیں، جن میں صبا قمر اور عرفان خان کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔اگرچہ ابھی فلم کے حوالے سے زیادہ معلومات سامنے نہیں آئیں، تاہم اس کی ہدایت کاری ’شادی کے سائڈ افکیٹس‘ اور ’پیار کے سائڈ افیکٹس‘ سے نام کمانے والے ساکت چوہدری کریں گے۔قبل ازیں صبا قمر کا اس فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے کہنا تھا کہ فلم کی کہانی میاں بیوی کے گرد گھومتی ہے اور دونوں کے اس تعلق میں بیوی کا پلڑا بھاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم باآسانی اہلخانہ کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہے، فلم کی کہانی دپیکا پڈوکون کی فلم ’پیکو‘ سے کسی حد تک مماثلت رکھتی ہے، جبکہ امید ہے کہ لوگ اسے پسند کریں گے۔فواد خان، علی ظفر، عمران عباس، عمائمہ ملک اور ماورا حسین سمیت کئی پاکستانی اداکار بولی وڈ میں اپنی اداکاری کا جادو جگا چکے ہیں، جن میں سے فواد خان نے کافی پذیرائی حاصل کی۔صبا قمر پاکستان میں تو مشہور ہیں ہی، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ بولی وڈ میں بھی اپنا جادو جگا پاتی ہیں یا نہیں؟