ممبئی(این این آئی) بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کے بڑے اداکاروں کی ذہنی سطح صرف ایک دائرے میں گھومتی ہے اور اس دائرے سے باہر ان کی ساری دانشمندی ناکام ہوجاتی ہے۔بالی وڈ کے تجربہ کار اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ یہ بہت شرم کی بات ہے کہ بالی وڈ اداکاروں کی معلومات صرف فلموں کے گرد گھومتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں کسی چیز کی معلومات نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آپ فلموں کے موضوع پر ان سے گھنٹوں گفتگو کر سکتے ہیں، لیکن جیسے ہی آپ گفتگو کے لیے کوئی دوسرا موضوع چنیں گے ویسے ہی گفتگو کا اختتام ہوجائے گا۔انہوں نے بالی وڈ ستاروں کو دنیا کے ’بور ترین‘ افراد کا خطاب دیا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ بالی وڈ اداکاروں کو دوسرے شعبوں اور موضوعات جیسے گھڑ سواری، کوہ پیمائی، تھیٹر اور دیگر چیزوں کے بارے میں نہ صرف معلومات ہونی چاہئیں بلکہ ان کا شوق بھی ہونا چاہیئے۔مرزا غالب جیسی فلم کا مرکزی کردار ادا کرنے والے ورسٹائل فنکار نے اعتراف کیا کہ بالی وڈ میں ان کی دوستی بہت کم لوگوں سے ہے۔انہوں نے کہا، ’میں تمام ستاروں کی مزید کامیابی کے لیے دعاگو ہوں، مگر ان کے خواب صرف بالی وڈ تک محدود نہیں ہونے چاہئیں۔ دنیا میں اور بھی بہت سی چیزیں ہیں۔