امریکی صدر باراک اوباما پر ان کے سیاسی مخالفین دنیا بھر میں تنقید کرتے ہیں اور کوئی انہیں کمزور منتظم کہتا ہے تو کوئی ان کی اقتصادی پالیسی کو نشانہ بناتا ہے مگر ایک امریکی ٹی وی نے تمام حدیں پھلانگتے ہوئے انہیں نہایت شرمناک روپ میں پیش کر دیا۔ مشہور امریکی ٹی وی فوکس نیوز کے متعلقہ ٹی وی چینل KSWB پر رات 10 بجے کے لائیو خبرنامے میں جنسی درندگی کے ایک ملزم کے بارے میں بتایا جا رہا تھا اور ساتھ صدر اوباما کی تصویر چلائی جا رہی تھی۔ نیوز کاسٹربتا رہی تھی کہ سان ڈیاگوسٹیٹ یونیورسٹی میں طالبہ سے جنسی درندگی کرنے والے ملزم کے خلاف کافی شواہد نہیں مل سکے جس کے بعد اس کی رہائی ہو سکتی ہے۔ اسی دوران سکرین پر اوباما کی تصویر دکھائی جا رہی تھی ا ور اس کے نیچے لکھا تھا (No charges) یعنی اس ملزم پر فرد جرم عائد نہیں کی جا رہی۔ ٹی وی چینل کی اس غلطی کی خبر فوری طور پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور ہر کوئی اس دلچسپ واقعے کے بارے میں بات کرتے اخبار ٹائمز آف سان ڈیاگو نے جب ٹی وی چینل سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ اسائنمنٹ ایڈیٹر کی غلطی سے جنسی مجرم کی خبر کے ساتھ صدر اوباما کی تصویر دکھا دی گئی تھی۔ ادارے کا یہ بھی موقف تھا کہ کسی نے ان سے معافی مانگنے یا کسی اور الیکشن کے متعلق رابطہ نہیں کیا ہے۔لہٰذا فی الحال ان کا معذرت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔